کانگریس صدر سونیا گاندھی کی غیر موجودگی میں پارٹی نائب صدر راہل گاندھی
کی صدارت میں کانگریس ورکنگ کمیٹی (سی ڈبلیو سی) کی اہم میٹنگ آج صبح یہاں
پارٹی ہیڈکوارٹر میں شروع ہو گئی۔ میٹنگ میں سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ، راجیہ سبھا میں اپوزیشن کے لیڈر
غلام نبی آزاد، لوک سبھا میں پارٹی کے لیڈر ملک ارجن کھڑگے، سینئر کانگریسی
لیڈر اے کے انٹونی، کانگریس صدر کے سیاسی مشیر احمد پٹیل، کانگریس خزانچی
موتی لال وورا اور پارٹی کے جنرل سکریٹری جناردن دویدی، اتر پردیش کانگریس
کے
صدر راج ببر سمیت کئی اہم رہنما حصہ لے رہے ہیں۔ میٹنگ میں ون رینک ون پنشن (اوآر او پی) کے معاملے پر سابق فوجی رام کشن
گریوال کے خود کشی کے معاملے سے پیدا ہوئے سیاسی حالات، اتر پردیش اور
پنجاب میں ہونے والے اسمبلی انتخابات اور مدھیہ پردیش میں طالب علموں کی
موت کے ساتھ ہی پٹھان کوٹ دہشت گردانہ حملے پر این ڈی ٹی وی انڈیا چینل پر
پابندی لگانے جیسے امور پر بات چیت کی جائے گی اور ایک ہفتے بعد شروع ہو
رہے پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس میں مودی حکومت کو گھیرنے کی حکمت عملی پر
تبادلہ خیال ہوگا۔